حکومت ماہرین ، صنعتکاروں،تاجروںی آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے: اشرف بھٹی


لاہور(کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ معیشت کی ترقی کیلئے اصلاحات کی جانب سفر کی رفتار بڑھانا ہو گی ،بد قسمتی سے معیشت کی ترقی کیلئے اس طرز پر طویل المدت پالیسیاں تشکیل ہی نہیں دی گئیں جو وقت کی ضرورت تھی، ترقی یافتہ ممالک میں معیشت کو قومی پالیسی کا درجہ حاصل ہوتا ہے جبکہ ہمارے ہاں ایڈ ہاک ازم کے تحت آگے بڑھا جاتا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت کو معیشت کی ترقی اور مجموعی قومی آمدنی میں اضافے کیلئے روایتی طریقوںسے چھٹکاراحاصل کر کے اصلاحات کی جانب سفر کی رفتار کو بڑھانا ہوگا ۔حکومت پالیسی سازی اور فیصلوں کے نفاذ سے قبل با معنی مشاورت کے عمل کو یقینی بنائے ،معیشت کی ترقی کیلئے مشاورت کے عمل کو پریکٹس بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا ءاور سلامتی معیشت کی مضبوطی سے مشروط ہے لہٰذااس کیلئے متفقہ جامع پالیسی ترتیب دینے کی ضرورت ہے ۔ حکومتی اداروں اور تاجروں کے درمیان رابطوں کے فقدان کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جس کے لئے فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو نہ صرف بیرونی بلکہ اندرونی سرمایہ کاری کی بھی اشد ضرورت ہے جس کے لئے ماحول بنانا ہوگا ۔ تجویز ہے کہ حکومت فی الفور معاشی ماہرین ،صنعتکاروںاور تاجروں سمیت معیشت میں کردار ادا کرنے والے ہر شعبے کے نمائندہ افراد کی آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے آئندہ کے حوالے سے حکمت علی مرتب کرے ۔

ای پیپر دی نیشن