عالمی برادری پاکستان کے حالات پربہت فکرمند ہے:نیئر بخاری

Sep 12, 2022


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سیدنیئرحسین بخاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی کو بدترین موسمیاتی تبدیلی اور بدترین نقصان قرار دیا ہے اور عالمی برادری پاکستان کے حالات پر فکرمند ہے لیکن عمران خان آج بھی جلسوں میں مصروف ہے، قوم اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی سیلابی امدادی کیمپوں کے دورے اور متاثرین کیلئے  ہمدردانہ کوششوں کی معترف ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خود کو عوام لیڈر کہنے والے عمران خان کو سیلاب متاثرین کی کوئی فکر تک نہیں، اقتدار سے جانے کے بعد ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے اور اخلاقیات اور اقدار بھی یاد نہیں۔ عمران خان کی سنگین انسانی المیہ اور غزائی بحران میں عدم استحکام پھیلانے کی سازش شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں کلو میٹر دور سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سیلاب متاثرین کی ہمدردی اور مدد کیلئے پہنچ گئے ہیں اور پاگل پن بیماری میں مستقل مبتلا عمران خان سیلابی علاقہ جات سے چند کلو میٹر دور جلسے کر رہا ہے اور بداخلاق اور بدزبانی کا عادی اپنی ڈگڈگی بجا رہا ہے۔ نیر بخاری نے کہا ہے کہ سیلابی متاثرین کی مدد کی بجائے صوبائی بجٹ جلسوں پر بے دریغ استعمال کرنا انسانیت دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کا پجاری عمران خان نفرتوں کی آگ بھڑکانے سے باز رہے۔

مزیدخبریں