شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران جنریٹر نہ چلنے اور خراب ایئر کنڈیشنڈ کو درست نہ کرنے سمیت دیگر ایشو کے اصل حقائق منظر عام پر آگئے ہیں ۔جنریٹر ،ایئر کنڈیشنڈ کی دیکھ بھال اور پلمبر کی فراہمی کیلئے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے ایک ’’جی میڈ ‘‘ کمپنی کو ٹھیکہ دیا ہوا ہے مگر ان کا عملہ کام نہیں کرر ہا جس پر انہیں متعدد بار شوکاز نوٹس بھی دیا گیا ہے اور کمپنی کو اس سلسلہ میں کام نہ کرنے پر 12لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے گزشتہ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کا دورہ بھی کیا جہاں گزشتہ روز بجلی بند ہونے اور جنریٹر نہ چلنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا تھا جبکہ سیکرٹری ہیلتھ نے کھاریانوالہ ہیلتھ سینٹر پر بھی چھاپہ مارا جہاں دونوں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹر غیر حاضر ہونے پر ایک ایڈہاک ڈاکٹر کو ڈس مس اور جبکہ دوسرے ڈاکٹر کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی شروع کر دی ہے ۔