لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر نسیم شاہ کے والد نے کہا ہے کہ کرکٹ کھیلنے پر نسیم کو بہت مارا، ہم اس پر ہنستے تھے۔ ہمارا خواب تھا نسیم پاکستان کیلئے کھیلے، اللہ نے سبب بنایا۔ جب اس کی والدہ حیات تھیں تو یہ کہا کرتا تھا کہ دیکھئے گا ایک دن میں پاکستان کی طرف سے کھیلوں گا تو ہم ہنستے تھے کہ دیر کا آدمی پاکستانی ٹیم میں کیسے جائے گا۔ میں نے کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے نسیم کو کئی بار مارا پیٹا کہ اپنی تعلیم پر فوکس رکھو، اس نے دسویں تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے، میں چاہتا تھا کہ وہ باہر نوکری کیلئے جائے۔ نسیم میں بہت ٹیلنٹ تھا، نسیم جب قومی ٹیم میں گیا تو سب کو اس پر فخر ہوا، ہم میں سے کسی نے نسیم کی حمایت نہیں کی، صرف اس کا بھائی تھا جو اسے چھپ کر پیسے دے دیا کرتا تھا۔ افغانستان کے خلاف میچ میں اس کیلئے میں نے بہت دعا کی، مجھے لگا خواب دیکھ رہا ہوں، پہلے نہیں جانتا تھا کہ کرکٹ کیا ہے، بائولنگ اور بیٹنگ کیا ہے جب بیٹا گیا تو پتہ چلا۔ میں نے نسیم سے کہا تمہاری شادی کا سوچ رہے ہیں تو اس نے کہا ابھی 4 سے 5 سال تک میرا کوئی ارادہ نہیں ہے، مجھے صرف کرکٹ کھیلنا ہے، بعد میں دیکھوں گا، وہ کہتا ہے بیوی کا بندوبست کروں یا کرکٹ کا۔ والدہ نسیم کی بہت بڑی حمایتی تھیں، وہ اپنی ماں کو بہت یاد کرتا ہے، اسے یاد کرکے وہ بہت روتا ہے، کہتا ہے اگر ماں ہوتی تو مجھے پاکستانی کٹ میں دیکھ کر بہت خوش ہوتیں۔
کرکٹ کھیلنے پر نسیم کو بہت مارا، ہم اس پر ہنستے تھے:والد نسیم شاہ
Sep 12, 2022