حیدرآباد(بیورورپورٹ)میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد /جامشورو ڈاکٹر عبدالحفیظ ابڑو نے کہا ہے کہ ہم انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت بغیر کسی رنگ و نسل اور بلا امتیاز علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اسی انسانی جذبہ کے تحت حالیہ سیلاب اور بارش سے متاثر ہونے والے غریب مریضوں کا علاج بھی شب و روزجانفشانی کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہسپتال کے وارڈوں میں بستروں اور ڈاکٹرز سمیت عملے کا اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ سیلاب اور بارش کے متاثرین کا دبا بڑھنے کے سبب دیگر مریضوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد انہیں مبارکباد دینے کیلئے آفس آنے والے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن،سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سماجی تنظیموں کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجواور دیگر بھی موجود ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر عبدالحفیظ ابڑو نے کہا کہ سول ہسپتال حیدرآباد جامشورو میں حیدرآباد ضلع کے علاوہ قرب وجوار کے مختلف 15اضلاع کے مریض آتے ہیں تاہم حالیہ ہونے والی بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد ہسپتال پر دبا بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے ا و، پی، ڈی کے اوقات کار صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کا علاج ومعالجہ بھی شعبہ حادثات ایمرجنسی سے کیا جا رہا ہے۔