حیدرآباد(بیورورپورٹ) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد و سرپرست الخدمت فاﺅنڈیشن عقیل احمد خان نے جماعت اسلامی اور الخد مت فا¶نڈیشن کے تحت متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے لگائے جانے والے کیمپوں کا دورہ کیا ، امدادی فنڈ جمع کرنے کے لیے حیدر چوک تا جم خانہ چوک تک دکانوں سے فنڈ جمع کیا جبکہ ڈپٹی جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم پی اے عبدالوحید قریشی نے ٹاور مارکیٹ میں جے آئی یوتھ کے کارکنان کے ہمراہ فنڈ جمع کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر عبدالقیوم شیخ ، جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ ، جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی ، الخدمت فاﺅنڈیشن حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری نعیم عباسی ، نائب صدر محمد علی چوہان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ضلعی امیر نے سیلاب زدگان کی مدد میں مصروف جماعت اسلامی کی قیادت اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے رضاکاران کی تحسین کی اور اس عہد کا اعادہ کیا کہ متاثرین کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ عقیل احمد خان نے مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اپیل کر تے ہو ئے کہا قوم 75برس سے حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے آزمائشوں میں ہے،بزرگ، عورتیں اور شیرخوار بچے کھلے آسمان کے نیچے پڑے ہیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں، لوگوں کے پاس خوراک، ادویات اور مویشیوں کے لیے چارہ دستیاب نہیں، سیلابی ریلوں سے لاکھوں کی تعداد میں مکانات تباہ ہو گئے۔ دکھ کی اس گھڑی میں عوام کے نام نہاد منتخب نمائندوں نے ہمیشہ کی طرح لوگوں کو لاوارث چھوڑا ہوا ہے۔ ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے وفاقی وصوبائی ادارے اور حکومتیں آپس میں دست و گریبان ہیں۔حکومتی ادارے واہلکار ریلیف ورک کو بھی بدعنوانی ولوٹ مارمیں مصروف ہیں۔ الخدمت فاﺅنڈیشن جماعت اسلامی کے لوگ دن رات دستیاب وسائل بروئے کارلاکر متاثرین کی خدمت کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ہر فردوادارے کو سامنے آناچاہیے ہم اللہ کے پریشان بندوں پرخرچ کریں گے تو کل ہم سے بھی مصیبت وپریشانی ہٹ جائیگی۔جماعت اسلامی و الخدمت فاﺅنڈیشن سیلاب وبارش متاثرین کی پریشانی ومشکلات کم کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے مخیر حضرات تاجربرادری اس جدوجہدمیں ہمارا ساتھ دیں۔