قائد اعظم 20 ویں صدی کے عظیم قائد‘ ایشیاءکا جغرافیہ بدلا: فخر امام


ملتان (نیوز رپورٹر) سابق سپیکر قومی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر سید فخر امام شاہ نے کہا ہے کہ قائد اعظم 20 ویں صدی کے عظیم قائدین میں شامل ہیں۔ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کی ضرورت ہے قائد اعظم وہ عظیم رہنما ہیں جنہوں نے براعظم ایشیاءکا جغرافیہ بدلا اور ہمیں پاکستان عطا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کے زیر اہتمام بانیِ پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے 74 ویں یوم وفات کے موقع پر ملتان پوسٹ گریجویٹ کالج میں منعقدہ خصوصی سیمینار قائد اعظم کا دو قومی نظریہ ایک حقیقت سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کی صدارت ممتاز ماہر تعلیم و ادیب صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کی جبکہ مہمانان اعزاز میں ڈاکٹر مرید حسین ملک، مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، چوہدری ابرار حسین، میڈم طاہرہ رفیق اور نعیم اقبال نعیم تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سید فخر امام شاہ نے کہا کہ ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں آنے کے لیے جدید تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا ۔پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی اور ڈاکٹر مرید حسین ملک نے کہا کہ قائد اعظم اس صدی کے عظیم لیڈر ہیں وہ بات کے پکے اور قول کے سچے تھے۔اس موقع پر سکولز، کالجز اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے درمیان اے قائد اعظم تیرا احسان ہے کہ موضوع پر مقابلہ تقریر اور ملی نغموں کے مقابلے ہوئے جن پوزیشن حاصل کرنے والوں کے علاوہ ممتاز شخصیات میں قائد اعظم ٹیلنٹ ایوارڈز 2022 تقسیم کیے گے۔
فخر امام

ای پیپر دی نیشن