کامونکی:گلی محلوں، چوراہوں اور قبرستانوں میں منشیات کی فروخت

 کامونکی(نمائندہ خصوصی)سرکل پولیس علاقہ کو منشیات فروشوں کے حوالے کرکے لمبی تان کر سو گئی،گلی محلوں، چوکوں، چوراہوں اور قبرستانوں میں منشیات کی فروخت عروج پر پہنچ گئی جبکہ منشیات کے عادی نوجوان نشہ کی عادت پوری کرنے کیلئے بھیک مانگنے کے ساتھ چوریاں بھی کرنے لگے جسکی  بڑی وجہ پولیس کا منشیات فروشوں کو کھلی چھٹی دینا ہے جبکہ نوجوان نسل کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کیلئے مقامی پولیس نے مبینہ طور پر منشیات فروشوں سے بھاری نذرانے لیکر چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔ نذرانہ نہ دینے والے منشیات فروشوں اور کاغذی کارروائی پوری کرنے کیلئے منشیات کے عادی افراد کو گرفتار کرکے پریس ریلیز جاری کردی جاتی ہے اور جن پر مقدمات درج کئے جاتے ہیں وہ بھی چند دنوں پر رہا ہوکر منشیات فروشی کا دھندہ دوبارہ شروع کردیتے ہیں۔جبکہ دوسری جانب منشیات کے عادی افراد جن میں زیادہ تر نوجوانوں کی تعداد شامل ہے سٹی چوک،فوڈ سٹریٹ،بازاروں اور گلی محلوں میں نشہ خریدنے کیلئے بھیک مانگتے نظر آتے ہیں اور اس کے علاوہ شہریوں کی گھروں کے باہر لگی برقی موٹریں و دیگر سامان کی چوریاں کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔شہر کے عوامی سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقہ میں منشیات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔

ای پیپر دی نیشن