لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت درخواست پر وکلاءسے 29 ستمبر کو مزید دلائل طلب کر لئے۔ عدالت نے توہین عدالت کی درخواست مرکزی کیس کے ساتھ مقرر کرنے کی کی ہدایت کردی، چوہدری اشتیاق اے خان نے مو¿قف اختیار کیا کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے درخواست گزار کی بیٹے حسان نیازی سے ملاقات کرانے کی ہدایت کی۔ عدالت کے استفسار پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے روبرو اسی نوعیت کے کیسز زیر سماعت ہیں، بہتر حل یہی ہے کہ یہ سپریم کورٹ میں جائیں، اشتیاق اے خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت عالیہ آرمی کسٹڈی میں افراد سے ملاقات کیلئے حکم جاری کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا کوئی صورت ہے کہ آرمی کسٹڈی میں ملاقات کرائی جا سکتی ہے؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اٹارنی جنرل نے انڈر ٹیکنگ دی۔ عدالت کا فیصلہ نہیں آیا، سپریم کورٹ تو انڈرٹیکنگ سے زیادہ سہولیات دینے کا حکم بھی دے سکتی ہے۔ کسی قانون میں آرمی کسٹڈی میں افراد سے ملاقات کی گنجائش نہیں ہے۔