قصور چونیاں (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے چونیاں میں سیلاب متاثرین امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب میں بھگدر مچ گئی۔ مقامی لوگوں نے راشن کے ٹرک پر دھاوا بول دیا۔ متاثرین راشن بیگز کیلئے گتھم گتھا ہوگئے۔ جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر پتا چلا کہ حکومتی مشینری یہاں تک پہنچ ہی نہیں سکی، ہم ایسی پارٹی بنا رہے ہیں جو سب سے پہلے عوامی سہولیات پر یقین رکھے گی جن کے گھر اجڑ گئے ہیں انہیں نئے گھر بنا کر دیں گے۔ 5 لاکھ چینی سمگل ہوئی اس کو کیوں نہیں روکا گیا۔ آئی پی پی جب اقتدار میں آئے گی تو ریلیف فراہم کریں گے۔ الیکشن جلد از جلد ہونے چاہئیں مگر نکئی حلقہ بندیاں بھی ضروری ہیں۔ پیٹرن انچیف آئی پی پی جہانگیر ترین نے قصور کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکج کا اعلان کر دیا۔ پیر کو جہانگیر ترین نے قصور میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور قصور کے1 ہزار سیلاب متاثرہ گھرانوں کے لیے راشن تقسیم کیا گیا۔ آئی پی پی صدر عبدالعلیم خان نے بھی قصور کے سیلاب متاثرین کے لئے 10 لاکھ دینے کا اعلان کیا۔ جہانگیر ترین نے آئی پی پی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کی درخواست پر قصور میں سیلاب متاثرین کی امداد کا اعلان کیا۔ جہانگیر ترین کے ہمراہ دیگر قائدین اسحاق خاکوانی، سعید اکبر نوانی، عون چوہدری، ملک نعمان لنگڑیال، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان و دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا تمام سہولیات جو حکومت دے سکتی ہے وہ عوام تک پہنچیں یہ عوام کا حق ہے یہ مانگنے کی چیز نہیں ہے یہ چھیننے کی چیز ہے۔