پیرس(این این آئی)انڈین نیشنل کانگریس کے مرکزی رہنماراہول گاندھی نے کہا ہے کہ مودی حکومت حزب اختلاف کے اتحاد انڈیا سے خوفزدہ ہے لہذا وہ ملک کا نام بدلنا چاہتی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے اپنے دورہ یورپ کے تیسرے روز پیرس کی سائنسز یونیورسٹی میں طلبااور فیکلٹی ارکان سے خطاب میں کہا کہ بی جے پی اور آرایس ایس بھارت کی نچلی ذاتوں، پسماندہ طبقوں اور اقلیتوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسا بھارت نہیں چاہتا جہاںلوگوں کے ساتھ ناروا سلوک ہواور دلتوں ، مسلمانوں کو دبایا جاتا ہو ۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ میں نے کسی ہندو کتاب میں نہیں پڑھا اور نہ ہی کسی ہندو سکالر سے سنا ہے کہ آپ ان لوگوں کو نقصان پہنچائیں جو آپ سے کمزور ہوں لہذا بی جے پی والوں کا ہندو مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اقتدار کے حصول کیلئے کچھ بھی کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت کروڑوں لوگ بے چینی محسوس کرتے ہیں ، یہ ہمارے لیے شرم کی بات ہے لہذا اس سب کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے ۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ بھارت میں خواتین اس وقت خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی ہیں۔ راہول گاندھی ناروے کے دارلحکومت اوسلو بھی جائیں گے اور وہ 13ستمبر کو واپس بھارت لوٹیں گے۔
بی جے پی ، آرایس ایس اقلیتوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے، راہول گاندھی
Sep 12, 2023