میساچوسٹس (اے پی پی)امریکی ریاست میساچوسٹس کی ہارورڈ یونیورسٹی میں درجنوں طلبا نے اسرائیلی جرائم کے خلاف اور فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہ مظاہرہ اس سالانہ استقبالیہ کے دوران ہوا جو یونیورسٹی اپنے نئے طلبا کے لیے منعقد کرتی ہے۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام فلسطینی یکجہتی کمیٹی کی جانب سے کیا گیا۔مظاہرے کے دوران شرکا نے اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے اور یونیورسٹی سے قابض ریاست سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں سے اپنی سرمایہ کاری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔شرکا نے اسرائیل کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے بائیکاٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نسل پرستی کے نظام کی حمایت نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔قبل ازیں ہارورڈ یونیورسٹی میں فلسطینی کاز کی حمایت کرنے والے طلبا کے ایک گروپ نے اسرائیلی جرائم کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مظاہرے کا اہتمام کیا تھا ۔