دی ہیگ (نیٹ نیوز) دوہرا معیار‘ ہالینڈ کی ایک عدالت نے پاکستانی کرکٹر خالد لطیف کو گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منعقد کرانے والے رکن پارلیمنٹ گیئرٹ ولڈرز کے قتل پر اکسانے اور دھمکیاں دینے پر 12 سال قید کی سزا سنا دی۔ ہالینڈ کے متنازع رکن پارلیمنٹ ملعون گیئرٹ ولڈرز نے 2018ءمیں گستاخانہ خاکوں کے ناپاک مقابلے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا۔ جس پر پاکستان کے سابق کرکٹر خالد لطیف نے مبینہ طور پر ایک ویڈیو پیغام میں گیئرٹ ولڈرز کی سر کی قیمت 21 ہزار یورو رکھی تھی۔ ہالینڈ میں اس ویڈیو پیغام پر کرکٹر خالد لطیف کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سخت سکیورٹی حصار میں کئی سماعتیں ہوئیں اور گزشتہ روز انہیں 12 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ فیصلے پر ہالینڈ میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن فوری طور پر کوئی جواب نہ مل سکا۔ کرکٹر خالد لطیف کو ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی۔ خالد لطیف اس وقت پاکستان میں ہیں اور ہالینڈ کی عدالت میں کسی بھی موقع پر موجود نہیں تھے۔ عدالت کو بتایا گیا تھا خالد لطیف کا موقف جاننے اور قانونی مشاورت کے لیے حکومت پاکستان سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ استغاثہ کا کہنا تھا پاکستانی کرکٹر نے قتل پر اکسایا جس سے رکن پارلیمنٹ کی زندگی خطرے میں پڑگئی اور گیئرٹ ولڈرز کو 24 گھنٹے ریاستی حفاظت میں گزارنے پڑ رہے ہیں، اس لیے سابق کرکٹر کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔