لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں ناقص باولنگ اور بیٹنگ کے باعث بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دےدی۔بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بنا کرآو¿ٹ ہوگئی۔ پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے۔ اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234 رنز سے ہارا تھا۔ کولمبو میں ریزرو ڈے میں بارش رکنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا میچ شروع ہوا اور بھارتی ٹیم نے 25 ویں اوور سے کھیل کا آغاز کیا۔گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔ بھارتی بلے باز کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے ناقابل شکست اننگز کھیلیں جس کے باعث بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹ پر 356 رنز بنا لیے۔ ویرات کوہلی نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کے ایل راہول بھی 111 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کے درمیان تیسری وکٹ پر 233 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوئی۔ بھارت کے 357 رنز کے ہدف کے جواب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر کر رہ گئی اور پوری ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوگئی۔