کراچی،اسلام آباد ،لاہور (آئی این پی ‘ اے پی پی،نیوز رپورٹر) برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت اور نصب العین دینے والے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 75 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیااور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو ان کے یوم وفات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانے کیلئے تمام تر توجہ تعلیم کی فراہمی اور غربت کے خاتمے پر مرکوز کرنا ہوگی۔ آج کے دن پاکستان کو قائدِ اعظم کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے برسی کے موقع پر قائد اعظم محمد علی جناح کے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی دور اندیشی اور سیاسی بصیرت نے قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط جیسے رہنما اصول وضع کیے،ان کی تعلیمات اور ان کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔علاوہ ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی ، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مہمانوں کی کتاب اپنے تاثرات بھی قلم بند کئے۔ اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ شناخت دی۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے اسلاف نے بے انتہا قربانیوں اور جدوجہد کے بعد علیحدہ وطن حاصل کیا۔ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان انسانی آزادی کے علمبردار تھے۔قائداعظم کا فلسفہ جمہوریت اور عوام کی حکمرانی کا فلسفہ ہے۔قائد اعظم نے غیرمسلم شہریوں کے لئے بھی محفوظ ملک بنایا، ان کے نظریہ کی بنیاد پر ذوالفقار علی بھٹو نے 1973 کا آئین بنایا، 8 ویں آئینی ترمیم وفاق اور اکائیوں کے درمیان مضبوط بندھن ہے۔
بابائے قوم قائداعظمؒ کا یوم وفات، ملک بھر میں تقریبات، خراج عقیدت پیش
Sep 12, 2023