لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن حمایتِ اسلام میں باباے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی 75 ویں برسی کی دعائیہ تقریب میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ فاتحہ خوانی کی گئی۔ میاں محمد منیر کی صدارت میں منعقدہ دعائیہ تقریب کے مہمانانِ خصوصی حمایتِ اسلام دارالشفقت کمیٹی کے سیکرٹری میاں محمد ارشد اور سیکرٹری تعلیم انجمن ڈاکٹر شوکت علی تھے۔ سیکرٹری جنرل انجمن حمایتِ اسلام میاں محمد منیر نے بانیِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زندگی میں قائدِاعظم محمد علی جناح تیرہ مرتبہ انجمن حمایتِ اسلام کے تعلیمی ادارے اور دارالشفقت میں محترمہ فاطمہ جناح کے ہمراہ تشریف لائے تھے۔قائدِ اعظم نے امن، قانون کی بالادستی اور اقلیتوں کے حقوق کی وکالت کی اور بھرپور انداز میں مسلمانان ہند کا مقدمہ لڑا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے قائدِ اعظم کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔