پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنوں کیخلاف دہشتگردی مقدمات پر تحقیقاتی ٹیم تشکیل

Sep 12, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کی ضمانت منظور کرلی۔ عدالت میں شعیب شاہین کی 26 نمبر چنگی توڑ پھوڑ کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری کی سماعت ہوئی۔ اس مقدمے میں ضمانت منظور ہونے کے باجود شعیب شاہین کی رہائی ممکن نہیں کیونکہ وہ تھانہ سنگجانی میں درج ایک اور مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے ہیں۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات پر پولیس نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔ ایس ایس پی انویسٹی ارسلان شاہزیب ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ ایس پی آرگنائزڈ کرائم اور صدر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ رپورٹ آئی جی اسلام آباد کو پیش کی جائیگی۔ پی ٹی آئی کے ایم این ایزکے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بنچ آج سماعت کرے گا۔ شیخ وقاص اکرم، شعیب شاہین، زین قریشی اور شیر افضل کی جانب سے وکلا علی بخاری اور عادل عزیز قاضی کے ذریعے نظرثانی درخواستیں دائرکرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جلد بازی میں جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔

مزیدخبریں