پشاور+اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے)خیبر پی کے، کے ضلع باجوڑ میں پولیو ٹیم پر حملے میں پولیو ورکر اور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند میں پولیو ٹیم پر حملہ ہوا۔ نامعلوم افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے تنیجے میں پولیو ورکر ابوہریرہ اور پولیس اہلکار لقمان جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے فوراً موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال خار منتقل کیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیو ٹیم اپنے فرائض انجام دے رہی تھی۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پہنچے اور مشتبہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا۔جاں بحق افراد کی شناخت 33 سالہ لقمان اور 25 سالہ پولیو ورکر ابوہریرہ کے نام سے ہوئی۔اسلام آباد اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے باجوڑ کے علاقے میں پولیو ٹیم پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس کانسٹیبل لقمان اور پولیو ورکر ابوہریرہ کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ بنانے والوں پر بزدلانہ حملہ کرنے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، یہ پاکستان کے بچوں کے محفوظ مستقبل پر حملہ ہے۔
باجوڑ میں نامعلوم افراد کی پولیو ٹیم پر فائرنگ، ورکر اور پولیس اہلکار جاں بحق
Sep 12, 2024