پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپی کے میں سینٹ انتخابات کیس کی سماعت آج تک ملتوی کردی۔ خیبرپی کے میں سینٹ انتخابات کرانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے سابق سینیٹر اعظم سواتی کی درخواست پر چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔ دوران سماعت اعظم سواتی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمشن آف پاکستان سینٹ انتخابات کرانا ہی نہیں چاہتا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ سینٹ میں صوبے کے 11 سیٹوں پر انتخابات ہونے ہیں، خیبر پختونخوا اسمبلی کا الیکٹرول ابھی پورا نہیں۔ جسٹس وقار احمد نے کہا کہ اب آپ اتنے معصوم نہ بنیں، سینٹ کے انتخابات کیوں نہیں ہو رہے۔ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ آئین کو نہیں مانتے ہیں۔ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ جس کو جہاں ضرورت ہوتی ہے ویسے ہی آئین کو مانا جاتا ہے۔ جسٹس وقار احمد نے کہا کہ ملک کی کون سی اسمبلی ہے جس میں کچھ کوئی نشست خالی نہ ہو، ان اسمبلیوں سے صدر پاکستان کے انتخابات ہو گئے تو پھر سینٹ کے کیوں نہیں ہو رہے۔ دوران سماعت درخواست گزار اور الیکشن کمشن کے وکیل آپس میں الجھ گئے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو پھر ہم کیس نہیں سن سکتے۔
خیبر پی کے سینٹ الیکشن کیس: جس کو جہاں ضرورت ویسے آئین کو مانا جاتا ہے: چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
Sep 12, 2024