جے یو آئی اپوزیشن کا حصہ، حکومتی وجود عوامی مفادات سے متصادم: فضل الرحمن

Sep 12, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ جے یو آئی اپوزیشن کا حصہ ہے اور رہے گی۔ مولانا فضل الرحمان سے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب دیر تک ملاقات جاری رہی، جس میں سیاسی امور اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ محمد علی درانی نے اپنے سیاسی رابطوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ آئین اور جمہوریت سے متصادم قانون سازی میں حکومت کسی اپوزیشن جماعت کی حمایت نہیں لے سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وجود اور اس کے اقدامات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں، ایسی حکومت کے ساتھ جانا عوام کے غیض و غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ ہمیں صرف وہ اختیار چاہیے جو عوام نے دیا ہو۔ ان کا کہنا تھاکہ عوام کا دیا اقتدار چاہیے لیکن آئندہ کسی کو مینڈیٹ چوری نہیں کرنے دیں گے۔ محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان سے مکالمہ کیا کہ آپ تاریخ کی درست سمت میں کھڑے ہیں، آپ ہمیشہ سیاسی روایات اور جمہوری اقدار کے امین رہے ہیں۔جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکومت کا حصہ بننا آبیل مجھے مارکی مانند ہے جو کہ سیاسی موت کے سوا کچھ نہیں، موجودہ حکومت پر عوام کا اعتماد نہیں ہے، سب جانتے ہیں حکومت کون چلا رہا ہے، پارلیمنٹ خود مختار حیثیت کھو چکی ہے۔

مزیدخبریں