صوبائی سرحدی چوکیوں کو مضبوط موثر بنانے کی منظوری، 112 تحصیلوں میں کلینک آن ویل لائینگے: مریم نواز

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلادالنبیؐ پر فول پروف سکیورٹی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس افسران کو علماء کرام کے پاس خود جا کر ملنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم دیا۔ سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی۔ بارڈر سکیورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتربنانے کا حکم دیا۔ بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدید ٹریننگ کی ہدایت کی۔ ڈیوٹی پر موجود پولیس فورس کو باڈی کیم لگانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ناجائز اسلحہ کے خاتمے کے لئے مہم مزید تیز کرنے کا حکم دیا گیا۔ آن ڈیوٹی پولیس اہلکاروں کے سوشل میڈیا اور کیمرے کے استعمال کرنے پر سخت پابندی عائد کر دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ پنجاب کے عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے۔ پولیس چیک پوسٹوں پر حملہ آوروں کو اس قدر سخت جواب دیا جائے کہ وہ دوبارہ حملے کی جرات نہ کریں۔ پولیس چیک پوسٹوں کے درمیان پولیس پٹرولنگ کا انتظام کیا جائے۔ اجلاس میں پولیس کو ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ مریم نواز شریف کی زیر صدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 6واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کی 112 تحصیلوں میں چیف منسٹر کلینک آن ویل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 112تحصیلوں میں 444کلینک آن ویل وین مہیا کی جائیں گی۔ 112کلینک آن ویل میں الٹرا ساؤنڈ کی سہولت میسر  ہو گی۔  پنجاب فلم فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی۔ سرگودھا او رڈیرہ غازی خان ریجن میں بارڈر آؤٹ پوسٹس کی اپ گریڈیشن اور تعمیر و بحالی کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ کے داخلی راستے پر ایم ٹو موٹروے انٹرچینج بنانے کی منظوری دی۔ اجلاس میں چن دا قلعہ چوک گوجرانوالہ میں فلائی اوور کی تعمیر اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024ء-25ء میں نارووال کرتار پور کوریڈور سکیم پر اتفاق کیا گیا۔ میانوالی سے سی پیک انٹرچینج داؤد خیل میں ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس شہداء کے اہل خانہ کے گھروں کے لئے گرانٹ بڑھانے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024ء-25ء میں روڈز کے میگا پراجیکٹس کی منظوری دی گئی۔ دہلی ملتان روڈ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت 3 روڈز کو دو رویہ بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملتان وہاڑی روڈ دو رویہ سڑک بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ عوام کی سہولت دیکھیں گے، مالی سال 2023-24میں چرار ڈرین کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کے تحت فنڈز کی درخواست کی منظوری دی گئی۔ کچی آبادیوں اور زرعی زمین کو سیلاب کی وجہ سے زمینی کٹاؤ سے بچانے کے لئے فلڈ پروٹیکشن بند کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی نے کہاکہ ہر سال سیلاب کی وجہ سے نقصان نااہلی کے مترادف ہے۔ کابینہ نے بچوں کی ایمرجنسی کیئر کی بہتری کے لئے چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے لئے گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دی۔ پنجاب میں ریٹرو ریفلکٹو نمبر پلیٹس مہیا کرنے کی منظوری دی گئی۔ محکمہ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی میں ڈیجیٹل کمیونیکیشن سیل کو سٹرٹیجٹک کمیونیکیشن سیل میں تبدیل کرنے، مری میں بائیو ڈیورسٹی پارک مری سکیم کی اپ گریڈیشن کے لئے فنڈز اور بانسرہ گلی زوالوجیکل گارڈن کی ری ویمپنگ کی سکیم کی شمولیت کی منظوری بھی دی گئی۔ مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی، مری کے واٹر سپلائی سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا۔ مری ڈویلپمنٹ پلان کے تحت نرسریز، بوٹینکل گارڈن اور پارکس کی اپ گریڈیشن اور مری میونسپل کارپوریشن کے لئے 137.5 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کے اجرا، مری میں سپیشل برانچ کے ڈسٹرکٹ آفس کی تعمیر کے پراجیکٹ، ڈسٹرکٹ مری میں واٹر سپلائی، ڈرینج، سٹریٹ لائٹس، گلیوں اور روڈز کی تعمیر و بحالی اور تزئین وآرائش، سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹر، رابرٹس کلب لاہور کی اپ گریڈیشن اور پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں 274 ٹیکنیشن کی بھرتی کی منظوری دی گئی۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ہسپتالوں میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی بھرتی پر اتفاق کیا گیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے ٹرانسپورٹ پلاننگ یونٹ میں خالی آسامیوں پر بھرتی میں نرمی، پنجاب سول پروٹیکشن اتھارٹی کی 3 خالی آسامیو ں پر بھرتی میں نرمی اور شفافیت کے لئے محکمہ جنگلات میں ڈیلی ویجز ملازمین کو نقد کی بجائے پنجاب بینک کے ذریعے برانچ لیس ادائیگی کی منظوری دی گئی۔ پی ایس ڈی پی پراجیکٹس کے لئے وفاقی حکومت سے وصول شدہ فنڈز کی سپلیمنٹری گرانٹ، پاکستان ائیر فورس کے ساتھ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال فورٹ منرو ڈی جی خان کے معاہدے کی تجدید کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رحیم یار خان میں کاروکاری کے الزام پر پانچ افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ مریم نواز شریف نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم وفات پر اپنے پیغام میں عظیم رہنما  کو سلام عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ قائد اعظم کے درجات بلند فرمائے۔ فرمودات قائداعظم ہر سچے پاکستانی کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے خواب کی تکمیل کے لیے زندگی وقف کر دی۔

ای پیپر دی نیشن