101 یرغمالیوں کے بدلے یحییٰ السنوار، اہم حماس رہنماؤں کو محفوظ راستے کی مشروط اسرائیلی پیشکش

غزہ‘ تل ابیب‘ دی ہیگ (این این آئی+ نیٹ نیوز) اسرائیل نے عندیہ دیا ہے کہ اگر حماس تمام 101 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردے اور آئندہ ہتھیار اٹھانے سمیت شدت پسندی سے دستبرداری کی یقین دہانی کرائیں تو یحییٰ السنوار سمیت اہم رہنماؤں کو محفوظ راستہ دینے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امریکی نشریاتی ادارے سی این این سے بات کرتے ہوئے یرغمالی اور لاپتا افراد سے متعلق اسرائیلی چیف رابطہ کار گال ہیرش نے انٹرویو میں کیا۔ گال ہیرش نے غزہ جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ان کے نزدیک غزہ میں جنگ بندی کا بھی یہی سب سے بہتر آپشن ہے جس پر فریقین کو اب متفق ہوجانا چاہیے۔ بعدازاں گال ہیرش نے بلومبرگ کو دیے گئے انٹرویو میں بھی اسی تجویز کو دہراتے ہوئے کہا کہ میں یحییٰ السنوار، ان کے اہل خانہ اور جو کوئی بھی ان کے ساتھ شامل ہونا چاہے، ان سب کو محفوظ راستہ فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنگی جرائم میں ملوث اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ اسی ماہ جاری ہو سکتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی عدالت جرائم کے پراسیکیوٹر کریم خان نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع گیلینٹ کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کی درخواست دائر کردی ہے۔ پراسیکیوٹر نے اپنی درخواست میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو، وزیر دفاع گیلینٹ کے ساتھ ساتھ حماس کے رہنمائوں یحیی سنوار اور محمد دیف کے بھی فوری وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔ فلسطینیوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رکن ممالک کے درمیان نشست حاصل کر لی۔ یہ نیا حق ہے جو فلسطینی وفد کو ادارے کا مکمل رکن نہ ہونے کے باوجود دیا گیا۔ جنوبی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کا 60-UH بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گرنے سے 2 صیہونی فوجی ہلاک‘ متعدد زخمی ہو گئے۔ اسرائیل نے ایک سرنگ کی ویڈیو جاری کی ہے جس میں چند روز قبل یرغمالیوں کی نعشیں ملی تھیں۔ 

ای پیپر دی نیشن