چالان بروقت عدالتوں کو بھجوانے کا نظام وضع کیا جائے: ہائیکورٹ

Sep 12, 2024

لاہور (خبر نگار) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت پر مقدمات کے چالانوں کو بروقت عدالتوں کو بھجوانے کیلئے مرکزی نظام وضع کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئی جی پنجاب کو نئے نظام پر عمل درآمد کیلئے بنانے کے لیے 15روز کی مہلت دے دی۔ آئی جی پنجاب نے زیر التوا مقدمات کے چالان سے متعلق تفصیلات عدالت میں جمع کرا دیں، رپورٹ کے مطابق پنجاب میں زیرالتواء 3لاکھ 62 ہزار مقدمات تھے۔ 2لاکھ 39ہزار مقدمات کے چالان عدالتوں کو بھجوا دیئے گئے، ایک لاکھ 23 ہزار 461 مقدمات کے چالان جلد عدالتوں کو بھجوا دئیے جائیں گے۔ چالان بروقت عدالتوں میں بھجوانے کے لیے مرکزی نظام بنایا جا رہا ہے۔ عدالت نے کہا کہ گوجرنوالہ میں 2013ء کے مقدمات کے 4چالان ابھی بھی باقی ہیں، آئی جی صاحب دس سال گزر گئے لیکن چار مقدمات ابھی بھی تاخیرکا شکار ہیں۔

مزیدخبریں