اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ جو کام پی ٹی آئی نے کیا وہی حکومت کر رہی ہے۔ حکومت نے گرفتاریاں کیں اور سپیکر کہتے ہیں ’’مجھے نہیں پتہ‘‘۔ وزیراعظم اور آئی جی کہتے ہیں ’’مجھے نہیں پتہ‘‘۔ حکومت نے جو کیا ہے اس پر کھڑی رہے۔ سارجنٹ ایٹ آمرز کو سزا کیوں دی گئی۔ وزیراعظم اور سپیکر کو کچھ نہیں پتہ، ملک آٹو پر چل رہا ہے۔ حکومت جمہوریت اور آمریت کا کھیل نہ کھیلے۔ حکومت اپنی خواتین کا دفاع نہیں کرسکتی تو سائیڈ پر ہو جائے۔ ایک طرف کہتے ہیں فوج سے بات نہیں کریں گے۔ پہلے گالیاں دیتے ہیں پھر پاؤں پڑ جاتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کو اب ایسے لوگوں پر رحم نہیں کرنا چاہئے۔ علی امین گنڈا پور کیک اور پیسٹری کھا کر گئے ہیں۔ اگلی بار پیٹیز گرم اور ساتھ کریم بھی ہوگی۔ وہ طویل میٹنگ کر کے گئے ہیں۔ حکومت بھی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پی ٹی آئی والا کام کر رہی ہے۔ حکومت ملبہ فوج پر ڈالنے والا کھیل نہ کھیلے۔ حکومت نے ایکشن لیا ہے تو اپنے مؤقف پر قائم رہے۔ جب ان کو گرفتار کر رہے تھے تب یہ لوگ جمہوری نہیں تھے؟۔ آج یہ لوگ گرفتاریاں کرنے کے بعد جمہوری ہو گئے ہیں۔