سانحہ بلدیہ ٹاؤن کی 12ویں برسی، تصاویر اٹھا کر پیاروں کو خراج عقیدت

Sep 12, 2024

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) سانحہ بلدیہ کی بارہویں برسی کے موقع پر لواحقین اور مزدوروں کی بڑی تعداد نے متاثرہ فیکٹری کے سامنے یادگاری اجتماع میں شرکت کی۔ اجتماع میں لواحقین نے اپنے جاں بحق ہونے والے پیاروں کی تصاویر کے سامنے دئیے روشن کر کے خراج عقیدت پیش کیا۔ مزدور رہنماؤں نے کہا کہ سانحہ کو 12 سال کا طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود مزدوروں کی زندگیاں محفوظ نہیں۔ مقررین نے 60 لاکھ ڈالر معاوضہ کی خطیر رقم کو لواحقین اور مزدور تنظیموں کی مشاورت کے بغیر انشورنس کمپنی کو غیر شفاف انداز میں دینے پر آئی ایل او کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اجتماع سے حبیب الدین جنیدی، ناصر منصور، زہرہ خان، اسد اقبال بٹ، حسنہ خاتون و دیگر نے خطاب کیا۔ یاد رہے کہ 11 ستمبر 2012ء کو بلدیہ ٹاؤن میں گارمنٹس فیکٹری علی انٹر پرائزز میں آتشزدگی کے واقعے میں 260 افراد زندہ جل کر ہلاک جبکہ 60 زخمی ہو گئے تھے۔

مزیدخبریں