آصف مرچنٹ پر امریکی عہدیدار کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں فرد جرم عائد

Sep 12, 2024 | 13:26

امریکی عدالت میں  ایک پاکستانی شہری آصف رضا مرچنٹ پر کسی امریکی عہدیدار کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی گئی۔امریکی محکمہ انصاف اور استغاثہ نے پاکستانی شخص پر پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے بدلے میں ایک امریکی اہلکار کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر 11 ستمبر کو جاری کیے گئے بیان کے مطابق: گذشتہ روز آصف مرچنٹ پر امریکی سرزمین پر کسی سیاست دان یا امریکی سرکاری  عہدیدار کو قتل کرنے کی سازش کے تحت، ملکی حدود سے ماورا دہشت گردی کا عمل انجام دینے اور کرائے کے قاتل کے طور پر کام کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا۔مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کسی بھی حملے سے پہلے ہی اس سازش کو ناکام بنا دیا۔بیان کے مطابق آصف مرچنٹ کو جولائی 2024 میں گرفتار کرکے ان پر مقدمہ درج کیا گیا۔ انہیں حراست میں لینے کا حکم دیا گیا تھا اور  فی الحال وہ وفاق کی تحویل میں ہیں۔اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے اٹارنی جنرل میرک بی گارلینڈ نے کہا: محکمہ انصاف ہمارے ملک کے سرکاری عہدیداروں کو نشانہ بنانے اور ہماری قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی کوششیں برداشت نہیں کرے گا۔  جیسا کہ آصف مرچنٹ کے خلاف دہشت گردی اور قتل کے الزامات سے ظاہر ہوتا ہے، ہم ان لوگوں کا احتساب جاری رکھیں گے جو امریکی شہریوں کے خلاف ایران کی مہلک سازش کو انجام دینے کی کوشش کریں گے۔دوسری جانب ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر ورے کا کہنا تھا: یہ خطرناک قتل کی سازش مبینہ طور پر ایک پاکستانی شہری نے تیار کی تھی، جن کے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات تھے اور یہ بالکل ایرانی حکومت کی حکمت عملی کے مطابق ہے۔ کسی سرکاری عہدیدار یا کسی بھی امریکی شہری کو قتل کرنے کی غیر ملکی ہدایت پر کی جانے والی سازش ہماری قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے اور ایف بی آئی کی پوری طاقت اور وسائل سے اس کا مقابلہ کیا جائے گا۔ امریکیوں کو دہشت گردوں سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزیدخبریں