افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کوئی گیند پھینکے ہی ختم ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا، بھارتی بورڈ کی کوتاہی لے ڈوبی۔افغانستان کے ارمان بارش میں بہہ گئے اور وہ نیوزی لینڈ کے ساتھ اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے سے اب تک مکمل طور پر محروم رہا ہے، واحد ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل بدھ کو بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا جس کے بعد ٹیسٹ میچ کے مکمل واش آؤٹ ہونے کا خدشہ ہے۔خیال رہے کہ بھارت نے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ کیلئے نوائیڈا کا گراؤنڈ فراہم کیا تھا، جہاں ناقص انتظامات پر افغانستان بورڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔نوائیڈا اسٹیڈیم میں سہولیات ناکافی تھیں اور میچ کے ابتدائی دو دن بھی بارش کی وجہ سے گیلی آؤٹ فیلڈ سکھانے کے انتظامات مناسب نہیں تھے۔وینیو کی خراب صورتحال پر افغان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی سے ناراضی کا اظہار کیا، حکام کا کہنا تھا کھلاڑی اسٹیڈیم کی حالت دیکھ کرناخوش ہیں وہ دوبارہ اس وینیو پر نہیں آئیں گے۔افغان ٹیم اپنے ہوم میچز بھارت یا متحدہ عراب امارات میں کھیلتی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیم نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ مستقبل کے میچوں کے لیے اس اسٹیڈیم میں واپس نہیں آئے گی۔افغانستان کرکٹ بورڈ کے ایک ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ بنیادی سہولیات کی کمی کو بنیادی وجہ بتاتے ہوئے مستقبل کے میچز لکھنؤ میں منتقل کیے جائیں گے۔
افغانستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کوئی گیند پھینکے ختم ہونے کا خطرہ
Sep 12, 2024 | 14:45