اسرائیل نے المواصی کو سیف زون قرار دیا تھا، پاکستان کی اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت

Sep 12, 2024 | 14:45

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز  زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے سیف زون قرار دیے گئے المواصی کیمپ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ممتاز  زہرہ بلوچ نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج نہتے فلسطینیوں کو بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے، اسرائیلی فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے 10ستمبر کو غزہ کے المواصی کیمپ پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، محفوظ پناہ گاہوں میں پناہ گزین فلسطینیوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، المواصی سیف زون میں اسرائیلی حملوں میں 40 فلسطینی شہید ہوئے، اسرائیل نے المواصی کو خود سیف زون قرار دیا تھا۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ ایس سی او وزرائے تجارت کا 33 واں اجلاس آج سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے، دو روزہ اجلاس ایس سی او کے باقاعدہ میکنزم کا حصہ ہے، انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل آرسینیوڈومنگس گزشتہ روز اسلام آباد پہنچے ہیںممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے پاکستان کے میری ٹائم سکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ معیارات کا اعتراف کیا ہے اور وہ اس اجلاس کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے انعقاد کے لیے وزارتی کونسل ایجنڈے پرکام کر رہی ہے، میری ٹائم کانفرنس کامقصد سمندری حدود کا تحفظ اور بحری تجارت کا فروغ ہے۔

مزیدخبریں