فنڈز کی عدم دستیابی: پختونخوا میں ائیر ایمبولینس منصوبہ شروع نہ ہوسکا

Sep 12, 2024 | 14:56

خیبرپختونخوا حکومت کا ائیر ایمبولینس منصوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ کے پی حکومت نے بجٹ میں ائیر ایمبولینس کے لیے رقم مختص کی تھی مگر  محکمہ خزانہ نے ائیر ایمبولینس کے لیے ابھی تک رقم جاری نہیں کی جبکہ ہیلی کاپٹر کو ائیر ایمبولینس کےطور  پر استعمال کرنےکے لیے موڈیفکیشن بھی کرانی ہے۔ فوکل پرسن ائیرایمبولینس کمیٹی خورشید خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ  فنڈز نہ ہونے کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہے، محکمہ خزانہ کو رقم جاری کرنے کے لیے درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج، وفاقی اور صوبائی اداروں نے ائیر ایمبولینس کے لیے مکمل تعاون کیا ہے اور ڈونرز منتظر ہیں کہ منصوبے پر کام شروع ہو۔ دوسری جانب مشیر خزانہ کے پی مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت سے سمری آئے گی تو فنڈز جاری کر دیں گے۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے رواں سال اپریل میں حکام کو 4 ماہ کے اندر ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزیدخبریں