قابض اسرائیلی فوج فلسطینیوں کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے:ترجمان دفتر خارجہ 

پاکستان  نے المواصی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے حملے کی شدید  الفاظ میں مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ  نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ  اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر احتساب کا سامنا کرنا چاہیے۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ  غزہ کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ قابض اسرائیلی فوج فلسطینیوں کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مقامی سیاسی جماعتوں پر پابندی بھارت کی غیر قانونی غیر آئینی عزائم کا حصہ ہے۔مقبوضہ کشمیر میں عوامی حقوق کی بات کرنے والی سیاسی جماعتوں کو سیاہ قوانین کے تحت دہشت گرد قرار دیا جا رہا ہے۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارتی عدلیہ بھی بھارت سرکار کے غیر آئینی اور غیر قانونی ہتھکنڈوں میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر کالعدم قرار دی گئی سیاسی جماعتوں پر پابندی ختم کی جائے۔پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے تجارت کے اجلاس سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس کے انعقاد کے لیے وزارتی کونسل ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہ عالمی بحری تنظیم کے سیکرٹری جنرل ار سینو ڈومینکو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں انٹرنیشنل میری ٹائم کانفرنس کا مقصد بحری وسائل کے بہتر استعمال کے لیے حکمت عملی وضع کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن