اسلام آباد: صدر مملکت آصف زرداری اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کے 59ویں یومِ شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے میجر راجہ عزیز بھٹی کے یومِ شہادت پر اپنے بیان میں کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر نے ستمبر 1965 کی جنگ میں اپنی جرات و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔انہوں نے کہا کہ لاہور پر شب خون مار کر قبضہ کرنے کا خواب دیکھنے والے دشمن کو میجر عزیز بھٹی شہید کے وطن کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم نے واپس بھاگنے پر مجبور کر دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن اور لاہور کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے. ان کی وطن کے دفاع کیلئے اس عظیم قربانی کو رہتی دنیا تک پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کا وطن کی خاطر جان کی پراوہ کئے بغیر دشمن سے لڑنے کا جذبہ اور فرض شناسی نسل نو کیلئے قابل تقلید مثال ہے، مجھ سمیت پوری قوم میجر عزیز بھٹی اور ملک کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہر جوان کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، پاکستانی قوم اپنے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے یوم شہادت پر انکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی کی بے مثال قربانی اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں، انہوں نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کے سامنے نہایت جواں مردی سے ڈٹ کر قوم کے دفاع کا فریضہ سرانجام دیا۔آصف زرداری نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے پر پوری قوم اپنے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، ان کی لازوال قربانی ہمارے لیے ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم بھی اپنے وطن کے لیے ہر ممکن قربانی دینے کو تیار رہیں گے. تاہم صدر نے میجر عزیز بھٹی شہید کیلئے بلندی درجات کی دعا بھی کی۔