حکومت سندھ کا مقصد ان الیکٹرک ٹیکسیوں کو جلد از جلد شروع کرنا ہے:شرجیل میمن

کراچی: حکومت سندھ نے الیکٹرک ٹیکسیاں شروع کرنے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے چینی آٹوموبائل بنانے والی کمپنی جی اے سی اور دیوان موٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ملاقات میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، دیوان یوسف فاروقی، چینی کمپنی جی سے سی کے ژوسونگ، ژین وین، ظفر حسن اور دیگر نے شرکت کی۔ملاقات میں چینی کمپنی جے اے سی کے جنرل مینجر ژو سونگ نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ملاقات میں سندھ میں الیکٹرک ٹیکسیاں متعارف کرانے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے چینی کمپنی کی سرمایہ کاری میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ الیکٹرک ٹیکسیوں کے لیے تمام ضروری انفراسٹرکچر اور سہولت فراہم کرے گی. چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، ہموار ریگولیٹری عمل کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو حکومت سندھ یقینی بنائے گی۔شرجیل میمن کہتے ہیں کہ الیکٹرک ٹیکسیوں کے متعارف ہونے سے نہ صرف لوگوں کو محفوظ اور جدید سفری سہولیات میئسر آئیں گی بلکہ کاربن کے اخراج کو کم کرکے ماحول کے تحفظ میں بھی مدد ملے گی۔ان کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکسی سروس شروع ہونے سے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے.  خواتین مسافروں کے لیے محفوظ اور قابل اعتماد سفر کے لئے پنک ٹیکسی سروس شروع کی جائے گی۔شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کا مقصد ان الیکٹرک ٹیکسیوں کو جلد از جلد شروع کرنا ہے .تاکہ شہری جدید ترین، ماحول دوست سفری سہولت سے مستفید ہوں۔

ای پیپر دی نیشن