صوبہ سرحد کے نام کی تبدیلی کیخلاف ہزارہ ڈویژن کے علاقوں ایبٹ آباد ، مانسہرہ اور ہری پور میں مظاہروں کا سلسلہ آج بھی جاری ہے

ایبٹ آباد میں گزشتہ روز سات افراد کی ہلاکت پر ہزارہ ڈویژن کے تمام علاقوں میں یوم سوگ منایاجارہا ہے ایبٹ آباد ہری پور اورمانسہرہ میں مکمل شٹر ڈاؤن ہے اور پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے ۔ مشتعل مظاہرین نے ٹائر جلاکر رکاوٹیں کھڑی کررکھی ہیں اورمختلف مقامات پر شاہراہ قراقرم بلاک ہے۔  مظاہرین کی جانب سے گاڑیوں پر پتھراؤ کی اطلاعات بھی ملی ہیں اور کئی سائن بورڈ تو ڑدیئےگئے۔ پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ سے چار افراد زخمی ہوئے۔ دوسری طرف گزشتہ روز کے ہنگاموں میں جاں بحق افراد کی نماز جنازہ مانسہرہ ، گڑھی حبیب اللہ اور تحصیل بالاکوٹ میں ادا کی گئی جس میں سیکڑوں لوگ شریک ہوئے ۔ ایبٹ آباد میں امن وامان کی بحالی کیلئے ایف سی طلب کرلی گئی ہے ۔ ڈی سی اوایبٹ آباد کا کہنا ہے کہ ہزارہ ڈویژن میں تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے تاحکم ثانی بند رہیں گے جبکہ تمام سرکاری دفاتر اور کاروباری مراکز کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے  ۔

ای پیپر دی نیشن