نئی دہلی (بی بی سی ڈاٹ کام) وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ خود بدعنوان نہیں ہیں تاہم انہیں بدعنوانی چھپانے کی عادت سی ہو گئی ہے۔ بی بی سی کے مطابق بھارتی اخبار ”دی ہندو“ کو انٹرویو میں جولیان اسانج نے کہا کہ منموہن سنگھ کے بیان کہ ”وکی لیکس کے انکشافات والی دستاویزات کی سچائی کی تصدیق نہیں کی جا سکتی“ سے دکھ ہوا ہے۔ انہیں کہنا چاہئے تھا کہ یہ سنگین الزامات ہیں اور حکومت تحقیقات کر کے رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کریگی۔ انہوں نے جو کہا وہ ان کی پارٹی کے مفاد میں نہیں۔ لگتا ہے منموہن کا یہ بیان عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش ہے کیونکہ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بھارتی حکومت کو دسمبر میں ہی بتا دیا تھا کہ ان کے متعلق انکشافات ہونیوالے ہیں۔ جولیان اسانج نے کہا کہ بھارت میں بدعنوانی عروج پر ہے جس کے خاتمے کی کوشش ہونی چاہئے۔
جولیان اسانج