کرنل محمد خان کی ’بجنگ آمد ‘عسکری ادب میں طنزو مزاح کے سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ کتاب مذکور کے بعد نئے لکھاریوں کے لیے طنزو مزاح کا ایک اعلیٰ معیار قائم ہوگیا۔ بالفاظ دیگر یوں کہئے کہ جو مصنف اس پائے کی حسِ مزاح سے محروم رہا، اُس کی کتاب کو بھی قبولیت عام ملنا ممکن نہیں کیونکہ عسکری ادب میں طنزو مزاح پر ہر نئی کتاب ’بجنگ آمد‘ کی کسوٹی پر پرکھی جائے گی۔ بریگیڈیئر (ر) صولت رضا کی زیر تبصرہ کتاب ’کاکولیات‘ خوش قسمتی سے اس معیار پر پورا اترتی ہے۔ اسی لیے اس کتاب کا ستائیسواں ایڈیشن بھی شائع ہوگیا ہے۔ خوبصورت سر ورق والی اس کتاب میں مصنف نے فوجی ٹریننگ سنٹر ’کاکول‘ کو ہی اپنے احاطہ¿ تحریر میں رکھا ہے۔ مصنف موصوف نے بڑے چبھتے انداز میں فوج میں کمیشن لینے کے خواہشمند افراد کا نقشہ کھینچا۔ پھر کاکول کی سخت ٹریننگ کے واقعات کو بھی اس طرح بیان کیا ہے کہ پڑھنے والے کا دل کرتا ہے کہ ایک مرتبہ وہ بھی کاکول میں ٹریننگ کا حصہ بن جائے اگرچہ اس کام کے لیے اُسے کتنے ہی پاپڑ بیلنے پڑ جائیں۔ ادب سے تعلق رکھنے والوں کے لیے یہ کتاب ایک تحفہ ہے۔ کتاب کی ضخامت 160 صفحات، ملنے کا پتا کلاسک، 42 دی مال، لاہور۔ فون 042-37312977 (تبصرہ: محمد شفیق سلطان)