لاہور( خصوصی رپورٹر) 11مئی2013 ءکے عام انتخابات اب دنوںکی بات میں تاہم بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے امیدواروں کے اعلان میں تاخیر نے انتخابی مہم کو گہنادیا ہے۔پیپلز پارٹی،مسلم لیگ ن،تحریک انصاف جیسی بڑی جماعتیں تا حال اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کرسکی ہیں یہی وجہ ہے کہ انتخابات میں روایتی گہما گہمی نظر نہیں آتی۔حتیٰ کہ جن جماعتوں نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا تھا وہ بھی اب اپنی فہرستوں پر نظر ثانی کر رہی ہیں جس کے باعث اُن کی جو انتخابی مہم تھوڑ بہت جاری تھی وہ بھی متاثر ہورہی ہے۔الیکشن شروع ہونے سے پہلے نئے سیاسی اتحادوں کی تشکیل کی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں مگر صورتحال اس کے برعکس ہے اب جماعتیں سولو فلائٹ کر رہی ہیں۔دینی جماعتوں کا ایک اتحاد متحدہ دینی محاذ کے نام سے عام انتخابات میں موجود ہے لیکن جماعت اسلامی،جمعیت علماءاسلام(ف)،جمعیت علماءپاکستان نورانی، مرکزی جمعیت اہلحدیث سمیت بہت سے مصروف دینی سیاسی جماعتیں اس ”اتحاد“ سے باہر ہیں۔ اس کا منطقی نتیجہ دینی جماعتوں کا ووٹ بنک تقسیم ہونے کی صورت میں نکلے گا۔