اپنے ایک بیان میں سینیٹرپرویزرشید کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظردونوں رہنماﺅں کو جس سطح پرسیکیورٹی کی ضرورت ہے وہ کسی وضاحت یا دلیل کی محتاج نہیں۔ سابق وزیراعظم اورسابق وزیراعلیٰ ہونے کی حیثیت سے نوازشریف اورشہبازشریف کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ذمہ داری اس تناظرمیں اوربھی بڑھ جاتی ہے کہ سابق وزیراعظم کوایک بارقاتلانہ حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کی جاچکی ہے۔ پرویزرشید کا کہنا تھا کہ دوسری جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کوحکومت کی طرف سے خاطرخواہ سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے جبکہ مسلم لیگ نون کی قیادت کے حوالے سے الیکشن کمیشن دوہرے طرزعمل کا مظاہرہ کررہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شریف برادران کے ساتھ کوئی حادثہ درپیش آیا تواس کے ذمہ دار براہ راست الیکشن کمیشن، صدر زرداری اور نگران وزیراعظم ہوں گے۔