نارنگ منڈی: پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر 2 نوجوان گرفتار کر لئے، شہریوں کا احتجاج

نارنگ منڈی (نامہ نگار) اندرون شہر نارنگ منڈی کے محلہ مسلم پارک میں پولیس نے محنت کش حاجی مقصود احمد مغل کے گھرکے دیواریں پھلانگ کر اور مین آہنی گیٹ توڑ کرسوئے ہوئے اہل خانہ پر ہلہ بول دیا۔ پولیس کارروائی کیخلاف شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔ انجمن تاجران کے مرکزی سرپرست اعلیٰ محمد سرور پہلوان کی قیادت میں پولیس کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس سے سخت نوٹس لینے  اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ۔ گزشتہ رات ایک بجے لاہور تھانہ مستی گیٹ پولیس  نے چادر اور چار دیواری کی دھجیاں اُڑادیں اور اسلحہ کے زور پر گھر کی تلاشی لیتے رہے اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ خواتین سے بدتمیزی کی اور کپڑے پھاڑ دئیے اور خواتین کی موجودگی میںگندی گالیاں دیتے رہے۔ اہل خانہ نے الزام لگایا پولیس لاکھوں روپے کے طلائی زیورات اور تین عدد موبائل فون بھی ہمراہ لے گئی ہے اور جاتے وقت اہل خانہ کے دو نوجوان لڑکوں نصیر، نوید اور باپ مقصود احمد کو بھی زبردستی گرفتار کرلیا۔ باپ کو راستہ میں اتار دیا اور دھمکی دی تمہارا لڑکا دبیر ہمیں مطلوب ہے اگر ان لڑکوں کی جان چاہتے ہو تو دبیر کو ہمارے حوالے کر دو۔ مقصود احمد مغل نے بتایا ہم کئی نسلوں سے نارنگ منڈی میں مقیم ہیں اور بڑی باعزت زندگی گزاررہے ہیں پولیس نے ہمیں ذلیل و رسوا کردیا ہے۔ دراصل تھانہ مستی گیٹ لاہور پولیس نے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی تھی اور مطلوبہ رقم نہ دینے پر پولیس  ہمیں ہراساں کررہی ہے پورا شہر ہماری نیک نامی کی گواہی دینے کو تیار ہے وزیراعلیٰ پنجاب پولیس گردی کا سخت نوٹس لیں۔ پولیس نے نصیر اور نوید کو نامعلوم مقام پر منتقل کررکھا ہے اور ہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اگر لڑکوں کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ دار تھانہ مستی گیٹ پولیس ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن