لاہور (نیوز ایجنسیاں + نامہ نگاران) موسم گرما آتے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے سے عوام کا پارہ بھی چڑھنا شروع ہو گیا، گھنٹوں لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کیخلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا، شہری اور دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا مجموعی دورانیہ 14 سے 17گھنٹے تک ریکارڈ کیا گیا۔ این ٹی ڈی سی کے مطابق گزشتہ روز بجلی کی طلب بڑھ کر 12ہزار میگا واٹ کی سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ بجلی کی پیدوار 9850میگا واٹ رہی۔ ٹیوب ویل بند رہنے سے عوام پینے کے پانی کو بھی ترس گئے ہیں۔ بجلی کی گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے خلاف شرقپور شریف، کاہنہ، اندرون گوجرانوالہ سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ گڑھ مہاراجہ اور سرگودھا سے نامہ نگاروں کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے تک جا پہنچا جس سے کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہوگیا۔ بجلی کے ساتھ گھروں میں پینے کا پانی بھی ناپید ہوچکا ہے۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہے۔ بجلی کی بندش اور مچھروں کی وجہ سے اکثر علاقوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔