عوام کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے‘ کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اوّلین ذمہ داری ہے، اس مقصد کیلئے پولیس اپنے فرائص جانفشانی اور تندہی سے سرانجام دے۔  عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔ پولیس اچھرہ واقعہ کے ذمہ دار عناصر کو فی الفور قانون کی گرفت میں لائے آئندہ ایسا واقعہ کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ دورہ چین سے وطن وا پسی پر لاہور ائیر پورٹ پر صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعلیٰ کو صوبے میں امن و امانی کی مجموعی صورتحال اور اچھرہ واقعہ پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ امن وامان کاقیام اولین ترجیح ہے۔ قیام امن کے بغیر تیز رفتار ترقی، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کا فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافہ ممکن نہیں۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی جائے، عوام کے سکھ اور چین کو چھیننے والے مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، مجھے اب صرف نتائج چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم کا سراغ لگانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ پولیس کو اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ آئندہ بھی پہلے سے بڑھ کر وسائل دیں گے تاہم پولیس کو عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔ لاہور میں جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس شیئرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔ قبل ازیں چین سے لاہور روانگی سے قبل گفتگو میں شہبازشریف نے کہا کہ دورہ چین نہایت کامیاب رہا ہے۔ دورے کے دوران توانائی سیکٹر کے منصوبوں پر اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں توانائی بحران ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے موجودہ دور تجارت، معیشت اور اقتصادی تعاون کا دور ہے۔ پنجاب میں تعلیمی نظام میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ، پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کی ووچر سکیم، لیپ ٹاپ پروگرام اور دیگر اقدامات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ رواں برس ہونہار طلبا و طالبات میں مزید ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے۔ لیپ ٹاپ سکیم میں میٹرک کے طلبا و طالبات کو بھی شامل کیا جائے گا۔ شہباز شریف نے مظفر گڑھ کے قریب دریائے چناب کے کٹائو کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر آبپاشی اور سیکرٹری آبپاشی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...