لاہور (سپیشل رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں غلامان مصطفے ٰؐ اور غلامان اوباما کے درمیان جنگ ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پورے نظام کو جکڑ رکھاہے۔ وہ اپنے سٹیٹس کو،کو بحال رکھنے کیلئے ہر قسم کے استحصالی حربے استعمال کر رہے ہیں۔ جماعت اسلامی جمہورکی قوت سے، اس ظالمانہ نظام کو بدلنا چاہتی ہے اور ملک میں ایسا انقلاب لانا چاہتی ہے جس کے بعد فٹ پاتھ پر سونے والا غریب کا بچہ بھی تعلیم اور صحت سے محروم نہ رہے، غریب آدمی کا 600 روپے کا بل ادا نہ کرنے پر میٹر کاٹ دیا جاتا ہے جبکہ کروڑوں کے بل نہ دینے والوں کو بل معاف کر دیئے جاتے ہیں ۔ اس خاص طبقے نے معیشت اور مارکیٹ کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے، وہ خود ہی قیمتوں کا تعین کرتا ہے اور اس پر منافع حاصل کرتا ہے۔ دہشت گردی صرف مسلح نہیں بلکہ کرپشن کے ذریعے لوگوں کا پیسہ چوری کرنا بھی دہشت گردی ہے۔ اعلیٰ ترین عدالتیں کہتی ہیں کہ ملک میں 8 ارب روپے سے زائد کی روزانہ کرپشن ہورہی ہے۔ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بااثر لوگ کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مختلف پارٹیوں میں خود کو چھپا رکھاہے۔ وہ کبھی ایک دوسرے کا احتساب نہیں کرتے بلکہ ایک دوسرے کی کرپشن اور مفادات کو تحفظ دیتے ہیں۔ انہوںنے کہا مظلوم اور غریب طبقہ حکمرانوں کی عیش و عشرت کیلئے ٹیکس دیتا ہے جبکہ یہ حکمران انہیں زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھنے کے لئے پالیسیاں بناتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی قوت سے ملک میں ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس میں امیر اور غریب برابر ہوں۔ دریں اثناء آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں امیر جماعت اسلامی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔