چارلسٹن (بی بی سی + نیٹ نیوز) ثانیہ مرزا ٹینس میں خواتین کے ڈبلز مقابلوں میں عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے شہر چارلسٹن میں منعقدہ فیملی سرکل کپ کے فائنل میں فتح کے بعد حاصل کیا۔ گزشتہ روز کھیلے جانے والے فائنل میں ثانیہ نے سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر کیسی ڈیلاکوا اور داریجا جوارک کی جوڑی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ صفر اور چھ چار کے سکور سے شکست دی۔ یہ ڈبلز مقابلوں میں ثانیہ کے کریئر کا 26واں ٹائٹل ہے۔ ثانیہ اور مارٹینا کی جوڑی اس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ تھی۔ یہ دونوں کھلاڑی اب تک ایک ساتھ تین ٹورنامنٹس میں میدان میں اتری ہیں جن میں سے دو میں یہ فاتح رہی ہیں چارلسٹن سے قبل یہ فلوریڈا میں ہونے والا میامی اوپن ٹورنامنٹ جیتی تھیں۔ دلچسپ بات یہ ہے مارٹینا ہنگس نے 1997 میں فیملی سرکل کپ میں ہی فتح کے بعد پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کی عالمی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا تھا۔