اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر صالح عبداللہ بن عبدالعزیز پانچ رکنی وفد کے ساتھ ہنگامی دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان سے بہتری کی امید رکھتا ہے۔ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات انتہائی قریبی رہے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارے مضبوط، معاشی، مذہبی اور دفاعی تعلقات ہیں۔ پاکستانی عوام بھی سعودی عرب کی حمایت کے خواہاں ہیں، ہمیں اچھے کی ہی امید ہے۔ حوثی باغیوں پر حملے آئینی حکومت کی حمایت کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ اماراتی وزیر کا بیان ان کی شکایت سے زیادہ اور کچھ نہیں۔ سعودی عرب کے وزیر اپنے وفد کے ساتھ وزارت خارجہ، وزارت مذہبی امور کے حکام، سیاسی و مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزیر کے دورے کا مقصد یمن کی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے راہ ہموار کرنا ہے۔ سعودی وزیر ملاقاتوں میں حکومتی، سیاسی و مذہبی شخصیات کو یمن کی صورتحال پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کریں گے۔ سعودی وزیر وزارت مذہبی امور کے حکام سے بھی ملیں گے اور حج انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ پاکستانی حکمرانوں کیلئے شاہ سلمان کا خصوصی پیغام لے کر آئے ہیں۔