لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف نے بورڈ کے پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف سے سابق کپتان ماجد خان کو چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ماجد خان ایک شفاف کردار اور اچھی ساکھ کے حامل شخص ہیں جو پاکستان کرکٹ کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکال سکتے ہیں۔ اس طرح کی افواہیں زیر گردش ہیں وزیر اعظم ماجد خان کو چیئرمین کا منصب سونپنے کیلئے تیار نہیں کیونکہ وہ ان کے سیاسی حریف عمران خان کے کزن ہیں۔ لیکن میرا ماننا ہے کہ کیونکہ وزیر اعظم پی سی بی کی نوکری کیلئے کسی بہترین شخص کی تلاش ہیں، تو میری ان سے درخواست ہے کہ اس کو سیاسی فیصلے کے طور پر نہ دیکھیں بلکہ کھیل کی بہتری کیلئے فیصلہ کریں جسے ان لوگوں نے تباہ کردیا ہے جن کا کھیل سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ ماجد خان اس سے پہلے 1996 سے 1999 تک بورڈ کے سربراہ رہے اور اس دوران پاکستان نے ورلڈ کپ 1999 کا فائنل کھیلا۔پی سی بی ڈسپلن کے قیام اور پلیئر پاور کو روکنے میں ناکام رہی۔ ماجد خان جیسے اعلیٰ معیار اور باصلاحیت انسان کی موجودگی میں نہ ہی پلیئر پاور رہے گی اور نہ ہی مستقبل میں غیرضروری تنازعات سامنے آئیں گے۔ماجد کرکٹ کی دنیا میں ایک قابل احترام شخصیت کے طور پر دیکھے جاتے ہیں، دنیائے کرکٹ میں انہیں عزت اور احترام سے دیکھا جاتا ہے۔
سلیم االطاف کی وزیراعظم سے ماجد خان کو چیئرمین پی سی بی بنانے کی درخواست
Apr 13, 2016