اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کے یوم تاسیس سے متعلق اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا پی ٹی آئی کا جلسہ ہر صورت ایف نائن پارک میں ہو گا۔ عمران خان جلسے سے خطاب میں اپنے سیاسی سفر پر بات کرینگے۔ جلسہ گاہ میں پارٹی رکنیت سازی کیلئے کارنر بھی بنایا جائے گا۔ جلسہ سے چند روز قبل پی ٹی آئی آگہی ریلیاں نکالے گی۔ آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف نے 24اپریل کو ایف نائن پارک میں یوم تاسیس کے موقع پر جلسے کیلئے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ سے باضابطہ طور پر اجازت مانگ لی۔ گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایف نائن پارک میں تقریب کی اجازت دینے کیلئے باقاعدہ مراسلہ بھیج دیا جس میں کہا گیا ہے تحریک انصاف 24اپریل کوفاطمہ جناح پارک میں یوم تاسیس کی تقریب منعقد کرے گی۔ عمران خان تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق پاکستان میں متعین افغان سفیر نے اسلام آبا دمیں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی مشکلات پر تفصیلی بتادلہ خیال کیا۔ عمران خان نے کا خیبر پی کے حکومت افغان مہاجرین کے مسائل کے حل کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائیگی۔