اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے شوکت خانم ہسپتال کیلئے زمین دی اور مشینری لانے کیلئے ٹیکس کی چھوٹ دی گئی۔ دھیر کوٹ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کے پیسوں سے عمران خان کا جو کینسر کا ہسپتال بنا ہوا ہے وہ زمین نواز شریف نے مفت دی تھی۔ عمران خان نے آف شو ر کمپنی کے ذریعے 30 کروڑ روپے ڈبو دیئے۔ خان صاحب بتائیں 30 کروڑ روپے پر کتنا منافع کمایا ہے۔ عمران خان نے زکوۃ و خیرات کے پیسے 2010ء میں باہر بھجوائے اور آف شور کمپنی بنائی۔ بتائیں آپ جہازوں سے سفر کیسے کرتے ہیں۔ ہمارے بچوں کے بارے میں سوال ہوں گے تو آپ کے بچوں کے بارے میں بھی سوال ہوں گے۔ آپ کے بچوں کی بات ہوئی تو دو کی نہیں تین بچوں کی بات ہو گی۔ آپ کو شیشے کے گھر میں رہ کر پتھر نہیں پھینکنا چاہیے۔ شریف خاندان 1936ء سے کاروبار کر رہا ہے۔ گولڈ سمتھ کا بیٹا برطانیہ میں عمران خان کا امیدوار ہے ہمارا امیدوار صادق خان ہے۔ جو شخص پاکستان کے بیٹے کی حمایت نہیں کرسکتا وہ پاکستان کا دوست کہلانے کا حقدار نہیں، خان صاحب کے پاس میری باتوں کا کوئی جواب نہیں۔ خان صاحب بہت سی باتیں کی جا سکتی ہیں مگر آج کیلئے اتنا ہی کافی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں کینسر کا واحد ہسپتال بنانے کا عمران خان کا دعویٰ غلط ہے‘ 22 ہسپتال کام کررہے ہیں۔ 5 ‘ 5 سال آزاد کشمیر میں حکومت کرنے والے بتائیں کہ دریائوں اور چشموں کے باوجود یہاں پانی کیوں نہیں۔
عمران نے زکوٰۃ کے پیسوں سے آف شور کمپنی بنائی، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں: پرویز رشید
Apr 13, 2016