’’اورنج ٹرین کیلئے خون دینے کو تیار ہیں‘‘ منصوبے کیلئے اراضی دینے والوں کا اظہار خیال‘ ہال ہمت والا جرأت والا خادم اعلیٰ، کے نعروں سے گونجتا رہا

Apr 13, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) ایکسپو سنٹر میں لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے حوالے سے منعقدہ خصوصی سیمینار میں میٹرو بس سروس پرسفرکرنے والے شہریوں اور میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان نے فلاح عامہ کے عظیم الشان منصوبے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے مٹھی بھر اشرافیہ کے خلاف ڈٹ جانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ایک بزرگ محنت کش چاچا محمد لکھا بھٹی نے کہا کہ میں 40 روپے میں شاہدرہ جاکر واپس آتا ہوں اورمیری مزدوری کے پیسے بچ جاتے ہیں۔ اب سکون سے خود بھی روٹی کھاتے ہیںاور بچے بھی کھاتے ہیں، محنت کش درویش خان نے کہا کہ پہلے میں 80روپے دے کر بلال گنج جاتا تھا، دھکے علیحدہ پڑتے تھے لیکن میٹروبس کے ذریعے بہت سہولت ملی ہے، طالبہ ایانہ انور نے کہا کہ میٹروبس چلنے سے پہلے ہمیں بہت مشکلات کا سامنا تھا، بابا محمد اسلم نے کہا کہ میں داتا صاحب روٹیاں لگاتا ہوں اور مجھے روزآنا جانا پڑتا ہے ،پہلے ویگن والے بہت پریشان کرتے تھے لیکن جب سے میٹروبس پر سفر کررہا ہوں بڑے آرام سے عزت کے ساتھ منزل پر پہنچتا ہوں۔ شمیم اختر نے کہا کہ میں 20روپے میں میٹروبس پر سفر کر کے محنت مزدوری کیلئے جاتی ہوں، شہبازشریف اس طرح صوبے کے عام آدمی کی قسمت سنوار رہے ہیں‘خاتون آمنہ منیر جن کی اراضی میٹروٹرین کے منصوبے میں استعمال ہوئی نے کہا کہ شروع میں ہم بہت اپ سیٹ ہوئے لیکن پھر ایم پی اے سیف الملوک وزیراعلیٰ کا پیغام لے کر آئے کہ آپ کو بہترین معاوضہ ملے گا ہم معاوضے کی ادائیگی کے کیمپ میں گئے وہاں شہبازشریف کو تو نہ دیکھا لیکن ان کا خوف دیکھا۔تمام لوگ محنت سے لوگوں کاکام کررہے تھے ۔میری گزارش ہے کہ آپ مٹھی بھر اشرافیہ کی باتوں میں نہ آئیں ٹرین منصوبے کی تکمیل کیلئے ہر قدم اٹھائیں۔ ٹھوکر نیاز بیگ کے رہائشی اشرف اعوان نے کہا کہ میرا آدھا پلازہ اس منصوبے میں آیا ہے میں نے رٹ بھی کی لیکن جس طرح شہبازشریف کی ٹیم نے ہمیں معاوضہ دیا وہ بے مثال ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بار پھر انتہائی پرجوش اور جذباتی انداز میں خطاب کیا اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے سامنے عام آدمی کے اس عظیم الشان منصوبے کا مقدمہ مدلل انداز میں پیش کیا جس پر ہال میں موجود افراد نے بھرپور تالیاں بجائیں اور وزیراعلیٰ کے خیالات کی تائید کی اور ’’شہبازشریف زندہ باد ،میٹروٹرین زندہ باد‘‘اور’’ہمت والا جرأت والا …خادم اعلی ،خادم اعلی‘‘ کے نعرے لگائے۔

مزیدخبریں