4 حجاج کو ایک کمرے میں رہائش دی جائے: سعودی وزارت‘8 افراد کو ٹھہرانے کا معاہدے کرچکے، تبدیلی ممکن نہیں: منتظمین

Apr 13, 2017

جدہ (صباح نیوز) سعودی وزارت حج نے حجاج کو رہائش فراہم کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ امسال حج موسم میں زیادہ سے زیادہ 4 حجاج کو ایک کمرے میں رہائش فراہم کی جائے۔ رہائش فراہم کرنیوالے اداروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے حج مشنوں کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، طے شدہ ضوابط کے مطابق ایک کمرے میں 8 حاجیوں کو رہائش فراہم کی جاتی ہے، اسے اس وقت تبدیل کرنا ممکن نہیں۔ سعودی اخبار میں شائع ہونے والی تفصیلات کے مطابق وزارت حج نے حجاج کی رہائش کے متعلق نئے ضابطوں کا اعلان کردیا۔ دوسری طرف حجاج کو رہائش فراہم کرنیوالے ایک ادارے کے مالک ولید عزیز الرحمان نے بتایا ہے کہ وزارت حج کے اعلامیے سے ہمیں صدمہ ہوا ہے، وزارت اتنی بڑی تبدیلی کرنا چاہ رہی تھی تو اسے سال کے شروع میں ہی ہمیں مطلع کرنا چاہئے تھا۔ حج ادارے محرم سے ہی تیاریاں شروع کردیتے ہیں، اس بات کا کوئی اعتبار نہیں کہ ایک کمرے میں کتنے حاجی ٹھہرائے جا سکتے ہیں، اس بات کا فیصلہ کمروں کی تعداد پر نہیں بلکہ حجم پر ہوتا ہے۔

مزیدخبریں