مختلف دینی جماعتوں کا حافظ سعید کی رہائی کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

Apr 13, 2017

لاہور(خصوصی نامہ نگار)مختلف دینی جماعتوں نے امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید کی رہائی کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا، پاکستان میں دہشتگردی اور کشمیر میں مسلمانوں کا خون بہانے پر بھارت کیخلاف جہاد فرض ہوچکا ہے، کلبھوشن کو جلد پھانسی اوربھارت کو عالمی دہشت گردی قرار دلوانے کیلئے آواز بلند کی جائے۔ حافظ سعید کی نظر بندی جلد ختم کر کے انہیں رہا نہ کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاجی جلسے، جلوس اور مظاہرے کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار کل مسالک ’’ورلڈ پاسبان ختم نبوت‘‘ کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں مولانا پیر سلمان منیر سجادہ نشین سمبڑیال شریف کی زیر صدارت کل جماعتی نیوزکانفرنس سے تمام مکاتب فکر کی دینی جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جے یو آئی، جے یو پی، ورلڈ پاسبان ختم نبوت، جماعت اسلامی، تحریک آزادیٔ کشمیر، عالمی تحریک تحفظ حرمین، جمعیت اہلحدیث، تحریک ملت جعفریہ، سنی علماء فورم، تحریک ناموسِ رسالت، مجلس احرار اسلام،مسلم لیگ (علماء و مشائخ)، عالمی تحریک تحفظ ختم نبوت، وفاق المدارس العربیہ، خاکسار تحریک، مصطفائی جسٹس موومنٹ اور تحریک حرمت رسولؐ کے رہنمائوں علامہ ممتاز اعوان، مولانا امیر حمزہ،علامہ زبیر ظہیر، ڈاکٹر فرید پراچہ، علامہ ایاز ظہیر ہاشمی، علی عمران شاہین، شیخ نعیم بادشاہ، مولانایوسف احرار، مولانا رجیع اللہ خان، قاری حنیف حقانی، میاں اشرف عاصمی ایڈووکیٹ، شفیق رضا قادری، حافظ نعمان حامد، ڈاکٹر شاہد نصیر، مولانا عبدالنعیم، علامہ وقارالحسنین نقوی، علامہ اصغر عارف چشتی، پیر ایس اے جعفری، عباس صدیقی اور عمر ممتاز اعوان نے کہا کہ حافظ سعید کی بلاجواز نظربندی بدترین بھارت نوازی کا منہ بولتا ثبوت ہے سیاستدانوں کی بھارت نوازی المیہ ہے۔ ملک بھر میں احتجاج کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے احتجاجی جلسے، جلوس، ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ جب کہ جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو پوری پاکستانی قوم کا مجرم ہے۔ بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے بھارتی دہشت گرد کو فی الفور پھانسی کے پھندے پر لٹکانا چاہیے۔ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل چکا‘غاصب بھارت کو جلد جنت ارضی کشمیر سے نکلنا پڑے گا۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے تحصیلی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ لاہور کے مسئول ابو الہاشم ربانی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ عبدالرحمان مکی نے کہاکہ نائن الیون کے بعد کشمیر کا مسئلہ بہت بگڑ گیا‘بھارت نے اس صورتحال سے فائدہ اٹھایا ہے۔ اگر بھارت اپنی جارحیت بند نہیں کرے گا‘اپنی فوجیں کشمیر سے نہیں نکالے گا اور کشمیریوں کا قتل عام بند نہیں کرے گا تو اسے مظلوم کشمیریوں کے ردعمل کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ 

مزیدخبریں