ہر سکھ پاکستان سے محبت کرتا ہے، وزیراعظم نواز شریف اور پاکستانیوں کے مشکور ہیں: بلویندر سنگھ

Apr 13, 2017

لاہور+ننکانہ صاحب(خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 1500 کے قریب سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے، واہگہ ریلوے سٹیشن پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے سکھ یاتریوں کا استقبال کیا اس موقع پر پاکستان سکھ گورو دوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق محمود، ڈپٹی سیکرٹریز عمران خان، فراز عباس، عامر حسین ہاشمی، سردار منموہن سنگھ خالصہ، سردار بشن سنگھ، سہیل رضا سمیت دیگر افسران و اقلیتی رہنما انکے ہمراہ تھے، چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے اور چادر پہنا کر انکا استقبال کیا اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدیق الفاروق نے کہا کہ حکومت اور بورڈ سکھ یاتریوں کی سکیورٹی، رہائش و دیگر سہولیات سمیت تام تر انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور رینجرز کے دستے انکے ہمراہ ہونگے، ہم بھارت سے دوستانہ اور بھائیوں جیسے تعلقات کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک کے نام سے منسوب یونیورسٹی کے جلد از جلد قیام کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں اس سلسلہ میں دفتر اور فنڈز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ واہگہ بارڈر پر پارٹی لیڈر بلویندر سنگھ نے کہا کہ ہم گورو دھرتی سے پیار اور محبت کے تعلقات کے خواہاں ہیں پاکستان آنے پر محبت اور کھلے دل سے ہمارا استقبال کیا جاتا ہے۔ دنیا میں بسنے والا ہر سکھ پاکستان سے محبت کرتا ہے اور دونوں ملکوں میں بہتر تعلقات کا خواہاں ہے۔ ڈپٹی پارٹی لیڈرسورن سنگھ گل نے کہا سکیورٹی، رہائش اور طعام کی سہولیات اور خواتین کے لیے غیر معمولی انتظامات پر ہم وزیرا عظم پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کے بڑے مشکور ہیں۔ سردار گورو ویندر سنگھ نے کہا کہ پاکستان مقدس دھرتی ہے ہر تہوار پر پاکستان آنے کو دل چاہتا ہے۔بیساکھی میلہ کی تقریبات کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کیلئے پاک رینجر کا دستہ میجر جاوید کی قیادت میں ننکانہ صاحب پہنچ گیا۔ ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلہ کی تقریبات 15اپریل سے شروع ہورہی ہیں جس میں شرکت کیلئے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد ننکانہ صاحب پہنچے گی متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سکھ یاتریوں کے قیام و طعام اور فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ 

مزیدخبریں